en-USur-PK
  |  
12

میں بائبل مقدس کیوں پڑھوں؟

posted on
میں بائبل مقدس کیوں پڑھوں؟

Why Do I Need to Read The Bible?

Mr. C.P.K.Fazal M.A.Lahore

میں بائبل مقدس کیوں پڑھوں؟

جناب سی ۔ پی ۔ کے فضل صاحب ایم۔ اے ۔لاہور

                        کہتے توسب ہیں کہ "بائبل پڑھو۔ بائبل پڑھو" لیکن بتاتا کوئی نہیں کہ بائبل کس طرح پڑھنی چاہیے۔ کہتے توسب ہیں کہ " سب پڑھو اورسبق وار پڑھو"لیکن بتاتا کوئی نہیں کہ سبق کس طرح یاد کرنا چاہیۓ۔ لہذا جس کسی اُستاد نے یا والدین نے اپنے شاگرد یابچے کو وہ طریقہ سکھادیا کہ سبق وار کس طرح صحیح طور سے پڑھنا اور پھر پڑھ کر اُسے یاد کرنا چاہیے توسمجھو کہ اُس نے بچے کے ساتھ بہت بڑی نیکی کی۔

          سبق اس طرح یاد کرنا چاہیے کہ پھر نظر ثانی کی ضرورت باقی نہ رہے۔ بس بار بار پڑھا اور وہ ہمیشہ کے لئے یاد ہوگیا۔ لیکن میں بائبل کیوں پڑھوں؟ اِس طرح کہ جس طرح جسم کو جسمانی خوراک کی ضرورت ہے بعینہ رُوح کے لئے روحانی خوراک کی ضرورت ہے اورجسم کو توہم اِ س مادی دنیا میں چھوڑ جاتے ہیں لیکن روح ہے جو سزا وجزا کے لئے باقی رہتی ہے اوراس امتحان میں گذرتی ہے ۔ یا درکھئے کہ اس کا مطالعہ کرنے سے اوراس کے اسباق یاد کرلینے سے ہم خدا پر کوئی احسان نہیں کرتے اورنہ ہی بائبل کا مطالعہ یا حفظِ آیات جنت کا وسیلہ بن سکتے ہیں اور نہ بارگاہِ خداوندی  میں مطالعہ بائبل کے نمبر اور ڈویژن ملتے ہیں۔ مثال کے طورپر جب ہم کھانا کھاتے ہیں توخدا کا شکر کرتے ہیں جو کہ ہمیں ضرور کرنا چاہیے لیکن اس کے یہ معنی نہیں کہ اس فعل پر آسمان سے بھی ہمیں شاباش ملتی ہے کہ واہ بیٹا  تونے بہت خوب روٹی کھائی ۔ یہ تودراصل مادی زندگی  کی اشد ضرورت  ہے اور عین فطرت کے ہوتاہے لیکن چونکہ ہماری مادی زندگی کی سلامتی اور قوت کے لئے جسمانی خوراک خدا کا ہی عطیہ  ہے جو وہ طرح بہ طرح اپنے بندوں کو عطا کرتاہے اوراس کے لئے خدا کی جناب میں شکر کرنا واجب  اور ضروری ٹھہرتاہے۔ اسی طرح جب ہم بائبل مقدس پڑھیں  تواس کے لئے خدا کا شکر کریں کہ جس طرح وہ ہمارے جسم کے لئے ہمیں روز روٹی دیتا ہے اُسی طرح اُس نے اپنے لطفِ بے پایاں سے ہمارے لیے یہ غیر فانی خوراک مہیا فرمائی ۔ جسم کی قوت کوقائم رکھنے کے لئے روزانہ  روٹی  کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح روح کی پاکیزگی اورخیالات کوسدھارنے  کے لئے روزانہ بائبل پڑھنے کی بھی ضرورت ہے تاکہ جسم کی طرح رُوح کوبھی روزانہ اُس کی غذا ملتی ہے اور وہ پاکیزگی اور قوت حاصل کرتی رہے۔ یقیناً اب آپ اچھی طرح سے سمجھ گئے ہوں گے کہ روزانہ بائبل پڑھنا کیوں ضروری ہے۔ اوریہ نہیں کہ جب کبھی دکھ تکلیف یا کسی مصیبت کا سامنا ہو توطاق یاالماری سے بائبل مقدس کو اٹھایا گردوغبار جھاڑا اُسے چوما اورکھول کر پڑھنا شروع کردیا۔لیکن چونکہ ایمان کمزور اور روح پراگندہ خیالات کا شکار ہے  اوپرے مطالعہ  سے بھی اطمینان اورتسکین حاصل نہ ہوسکی تواُسی پراگندہ  ذہن نے ٹوکا کہ بھائی  کیا پڑھ رہے ہو؟ بائبل  پڑھنے میں کیا رکھاہے؟ یاد رہے کہ وہی طالب علم اپنے امتحان  میں امتیازی  نمبر حاصل کرتے اورکامیاب  ہوتے ہیں جوسال بھر دل لگا کر محنت شاقہ سے مطالعہ کرتے ہیں نہ یہ جب امتحان سرپر آئیں  توکتابیں پڑھنا شروع کردیں۔ ان کی یہ کوشش کبھی بارور نہیں ہوتی دُوسری مثال کہ کوئی کھلاڑی خواہ کرکٹ ہو یا فٹ بال یا کشتی کا۔  اُسی وقت  اپنے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرسکتاہے جب کہ اپنے کھیل کی مشق باقاعدگی سے جاری رکھے ورنہ کھیل کے وقت ہزیمت کا شکار ہوتاہے۔ اسی طرح رُوح کے لئے غذا حاصل کرنے کا ذریعہ عبادت ہے اوریہ روزانہ ہونی چاہیے بڑی باقاعدگی سے تاکہ جسم کی روح کوبھی اُس کی روحانی خوراک روزانہ ملے جس کے ذریعہ وہ اپنی نشوونما اور قوت حاصل کرسکے۔ جسمانی ورزش کی طرح ہماری عبادت بھی روحانی چاہیے۔ اس کی مشق بھی روزانہ ہونی چاہیے۔

          جوں جوں مشق بڑھتی جائے گی ہماری فن کا رانہ ترقی کی طرف روحانی ترقی بھی بڑھتی جائے گی۔ اور پھر قلبِ روح کو حقیقی مسرت راحت اوراطمینان حاصل ہوتاہےجو بیان سے باہر ہے۔

          یہ بات بھی یادر کھنے کے قابل ہے کہ بائبل کومحض بیگار سمجھ کر نہ پڑھو۔ کیونکہ اپنی روز مرہ کی روٹی  کو ہم کبھی بیگار نہیں سمجھتے بلکہ بڑے شوق اور رغبت  سے کھاتے ہیں اور کوشش کرتے ہیں کہ وقت کی پابندی کے ساتھ کھانا کھائیں تاکہ صحت کوبحال اور خوشگوار بناسکیں۔ توپھر آخر ہم اپنی روحانی صحت کی طرف سے کیوں اس قدر غافل ہوں؟ ہماری اس بے پروائی اور غفلت سے رُوح دن بدن کمزور ہوجاتی ہے۔اُس پر جمود طاری ہوجاتاہے۔ اُس کی پاکیزگی زنگ آلود ہوجاتی ہے اور روح کوبھی عبادت اور کلام الہٰی  کے مطالعہ سے تازہ دم رکھو۔ گھر ہو یا سفر کلام مقدس کا مطالعہ اور عبادت روزانہ جزوزندگی ہے۔ دنیا اور عقبیٰ دونوں میں سلامتی اورنجات کا وسیلہ راحت وشادمانی اوراطمینان وتسکین قلب و ذہن کا ایسا ذریعہ جوآپ کو روحانی طورپر تاریکی میں سے نکال کر روشنی میں لے جائے گا۔ اورپھر آپ روشنی کے فرزند کہلائیں گے۔ خدا آپ کی مدد کرے اور آپ کو اپنے کلامِ پاک کے مطالعہ کا شوق فراواں عطا کرے۔ آمین"۔

Posted in: مسیحی تعلیمات, بائبل مُقدس | Tags: | Comments (0) | View Count: (19791)
Comment function is not open
English Blog